Home » Pakistan » مقبوضہ کشمیر میں ووٹ کی آزادی نہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں ووٹ کی آزادی نہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر

اسلام آباد: (30 اکتوبر 2019) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ووٹ کی آزادی نہیں ہے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدرچوہدری لطیف اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ میرپور آزاد کشمیر میں ضمنی انتخابات ہونے جارہے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست ہے کہ امیدوار کسی بھی جماعت کا ہو اسے سپورٹ کریں تاکہ دنیا کو پیغام دیا جائے کہ آزاد کشمیرمیں نہ صرف ووٹ کا حق حاصل ہے بلکہ تمام سیاسی جماعتوں میں اتحاد بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرنے جارہا ہے، وہاں ووٹ کی آزادی نہیں جبکہ دوسری جانب میرپور آزاد کشمیر میں ضمنی انتخابات ہونے جارہے ہیں جہاں ووٹ کی مکمل آزادی ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں سے گزارش ہے کہ مل کر انتخابات میں حصہ لیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ ہمیں نواز شریف، مریم نواز اور آصف زرداری کی صحت کے حوالے سے تشویش ہے۔ عمران خان آگے بڑھ کر یہ معاملہ خود دیکھیں۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ کشمیر میں جہاں بھی سیٹ خالی ہوگی، اپوزیشن امیدوار کو مل کر سپورٹ کرے گی۔

Leave a Reply

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.